تعارف
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
مجلس تحفظ عقائد اسلامیہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو مسلمانوں کے بنیادی عقائد کی حفاظت اور انہیں مستند اسلامی تعلیمات کے مطابق کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ یہ ویب سائٹ دین اسلام کے اصولوں پر مبنی ہے، جو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں عقیدے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے اور امت مسلمہ کو دین حق کے بنیادی ستونوں پر مضبوطی سے قائم رہنے کی دعوت دیتی ہے۔
اسلام میں عقائد کی اہمیت غیر معمولی ہے کیونکہ یہی دین کی بنیاد اور اصل و اساس ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں متعدد مقامات پر صحیح عقیدے کو اختیار کرنے اور ہر قسم کے شرک و کفر، بدعت و ضلالت سے بچنے کا حکم دیا ہے۔ نبی اکرم ﷺ کی زندگی کا سب سے بڑا مشن یہی تھا کہ وہ لوگوں کو توحید کا پیغام دیں اور انہیں خالص دین کی طرف بلائیں۔
وَ اَنَّ هٰذَا صِرَاطِیْ مُسْتَقِیْمًا فَاتَّبِعُوْهُ-وَ لَا تَتَّبِعُوا السُّبُلَ فَتَفَرَّقَ بِكُمْ عَنْ سَبِیْلِهٖؕ(الانعام:153)
اور (اے پیغمبر ! ان سے) یہ بھی کہو کہ : یہ میرا سیدھا سیدھا راستہ ہے، لہذا اس کے پیچھے چلو، اور دوسرے راستوں کے پیچھے نہ پڑو، ورنہ وہ تمہیں اللہ کے راستے سے الگ کردیں گے۔
تحفظ عقائد اسلامیہ کا مقصد یہ ہے کہ:
- امت مسلمہ کے اندر توحید، رسالت، آخرت اور دیگر اہم عقائد اسلامیہ کی صحیح تفہیم پیدا کی جائے۔
- مسلمانوں کو ہر قسم کے فکری اور نظریاتی فتنوں سے آگاہ کیا جائے۔
- نوجوان نسل (لڑکوں اور لڑکیوں) کو ان کے ایمان کی بنیادوں پر مضبوطی سے قائم رکھنے کے لیے صحیح و مستند معلومات فراہم کی جائیں۔
یہ پلیٹ فارم کتاب اللہ، سنت رسول اللہ، اجماع علماء اہل السنۃ و الجماعۃ اور مستند علمائے ربانیین کی رہنمائی کے تحت کام کرتا ہے اور ہر مسلمان کو دین حق پر استقامت کے ساتھ چلنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔